منگلورو 5 / جولائی (ایس او نیوز) بالمٹا میں واقع 'ماپلیکس' نامی ایپل کے شو روم میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے جس میں چوروں نے تقریباً 70 لاکھ روپے مالیت کے آئی فونز اور متعلقہ سامان پر ہاتھ صاف کردیاہے۔
اطلاع کے مطابق دکان کا شٹر اور اندرونی دروازہ توڑ کر انجام دی گئی اس واردات کا پتہ پیر کی صبح اس وقت چلا جب شو روم کے اسٹاف دکان کھولنے کے لئے پہنچے۔ ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرلینے کے بعد تحقیقات شروع کردی ۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 2015 میں بھی اسی شو روم میں چوری کی واردات انجام دی گئی تھی اور اس وقت چوروں نے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے سامان پر ہاتھ صاف کیا تھا۔ چوری کے اُس معاملے کی تحقیقات کے دوران نیپال سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمین کو گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔